امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی اب تک جاری ہے اور سب کو اس بات کا انتظار ہے کہ امریکا کا نیا صدر کون ہوگا؟
ایریزونا میں 90 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے، جہاں جو بائیڈن کو ٹرمپ پر برتری حاصل ہے، جبکہ پنسلوانیا میں 96 فیصد ووٹ گن لیے گئے، یہاں ٹرمپ کو بائیڈن پر سبقت حاصل ہے۔
جارجیا میں 99 فیصد ووٹوں کی گنتی ہوچکی ہے، جارجیا میں جو بائیڈن کو ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔
نیواڈا میں بائیڈن اور نارتھ کیرولینا میں ٹرمپ آگے ہیں۔
امریکی چینل فاکس نیوز کے مطابق اب تک جو بائیڈن 264 اور ٹرمپ 214 الیکٹورل ووٹ حاصل کرچکے ہیں۔
نیو یارک ٹائمز، واشنگٹن پوسٹ اور سی این این کے مطابق جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد اس وقت 253 ہے۔
فاکس نیوز نے ایریزونا سے بائیڈن کو فاتح ظاہر کیا ہے، جہاں الیکٹورل ووٹ کی تعداد 11 ہے، امیدواروں کوصدر بننے کے لیے 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔
ٹرمپ کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات
جو بائیڈن کے حریف موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے کے بعد 3 امریکی ریاستوں مشیگن، پنسلوینیا اور جارجیا کے بعد چوتھی ریاست نیواڈا میں بھی کیس کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
امریکی ریاست جارجیا اور مشی گن میں عدالت کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے الزامات رد کر دیئے گئے ہیں۔
مشیگن کورٹ کی جانب سے تحریری فیصلہ آج (جمعے کو) جاری کیا جائے گا۔
مشیگن میں الیکٹورل کالج کی تعداد 16ہے، غیر سرکاری نتائج کے مطابق مشیگن میں بائیڈن کو برتری حاصل ہے۔
پنسلوینیا اور مشیگن میں صدر ٹرمپ اور ان کے حریف جو بائیڈن کے حامیوں نے احتجاج کیا ہے، نیویارک پولیس نے احتجاج کرنے والے 50 افراد کو حراست میں لے لیا۔
دوسری طرف ووٹوں کی گنتی کے دوران امریکا میں مظاہرے بھی کیے جارہے ہیں، پولیس کی جانب سے 50 مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔