امریکی چینل فاکس نیوز نے ایریزونا میں بائیڈن کو فاتح ظاہر کیا ہے، امریکا کا صدر بننے کے لیے 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں، جو بائیڈن کی ممکنہ کامیابی کے پیشِ نظر امریکی سیکرٹ سروس نے اپنے مزید اہلکار ڈیلاویئر کے شہر ولمنگٹن پہنچادیے گئے ہیں۔ جبکہ جو بائیڈن کے گھر کی فضائی حدود پروازوں کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن کی ممکنہ کامیابی کے پیشِ نظر امریکی سیکرٹ سروس نے اپنے مزید اہلکار ولمنگٹن، ڈیلاویئر روانہ کردیئےہیں، امریکا میں صدارتی انتخاب میں کامیابی کی صورت میں نامزد صدر کی سیکیورٹی موجودہ صدر کے برابر کردی جاتی ہے۔
ذرائع امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن کیلئے اضافی فضائی سیکیورٹی اقدامات بھی لاگو کر دیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدارتی انتخاب میں بازی پلٹنے والی چار ریاستوں پنسلوینیا، ایری زونا، جارجیا اور نیواڈا میں جو بائیڈن ٹرمپ سے آگے نکل گئے، ان چار ریاستوں میں الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 57 ہے، اکیلے پنسلوینیا میں کامیابی ہی جو بائیڈن کو وائٹ ہاؤس تک پہنچا دے گی۔
نیویارک ٹائمز، واشنگٹن پوسٹ اور سی این این کے مطابق جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد اس وقت 253 ہے۔
حکام نے ریاست جارجیا میں کچھ ووٹوں کو دوبارہ گننے کا فیصلہ کیا ہے، جارجیا کے قانون کے مطابق اگر ووٹوں میں فرق صفر اعشاریہ پانچ فیصد سے کم ہو تو کوئی بھی فریق ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کرسکتا ہے۔
فاکس نیوز کے مطابق اب تک جو بائیڈن 264 الیکٹورل ووٹ حاصل کرچکے ہیں۔