• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام ووٹ کرپشن نہیں، مسائل ختم کرنے کیلئے دیتے ہیں: خورشید شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما خورشید شاہ کہتے ہیں کہ کرپشن ورپشن کے الزامات سب ڈرامہ ہے، عوام ووٹ کرپشن ختم کرنے کے لیے نہیں اپنے مسائل کے حل کے لیے دیتے ہیں۔

سکھر کی احتساب عدالت میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما خورشید شاہ کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کے سلسلے میں بذریعہ ایمبولینس پہنچایا گیا۔

خورشید شاہ کو علالت کے باعث ایمبولینس کے ذریعے عدالت لایا گیا۔

سکھر کی احتساب عدالت نے خورشید شاہ کے خلاف کیس کی سماعت 9 نومبر تک ملتوی کر دی۔

خورشید شاہ نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو مہنگائی پر بات نہیں کریں گے، سمجھیں وہ ملک کے ساتھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کی واپسی اچھی بات ہے، الزامات عوام کے سامنے جوابدہ ہونے سے بچنے کی کوشش ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ جو بچپن میں مہنگائی کی کہانیاں سنتے تھے وہ اب سامنے آ رہی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان حقیقت کو محسوس کریں کہ عوام ووٹ کیوں دیتے ہیں۔

رہنما پی پی پی کا امریکی انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہنا ہے کہ جوبائیڈن کی کامیابی سے خطے میں تبدیلی آ سکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹرمپ کی وجہ سے امریکا میں تبدیلی آ گئی، لوگ کلہاڑیاں اور بندوقیں لے کر باہر آ گئے ہیں۔

تازہ ترین