• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریش پوری سے پہلے’موگامبو‘ کے کردار کیلئے کس کو چنا گیاتھا؟

’موگامبو خوش ہوا.......‘ امریش پوری کے یہ الفاظ آج بھی اُن کے مداحوں کے کانوں میں گونجتے ہیں، یہ بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ’مسٹر انڈیا‘ کا ڈائیلاگ ہے، اس فلم میں امریش پوری نے موگامبو کا مشکل ترین کردار بخوبی نبھایا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 1987میں ریلیز ہونے والی ہدایت کار شیکھر کپور کی فلم ’مسٹر انڈیا‘ میں انیل کپور، سری دیوی، امریش پوری اور ستیش کوشک نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کا شمار آج بھی بالی ووڈ کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلموں میں ہوتا ہے۔

اس فلم کی مقبولیت کی ایک وجہ اس کا ڈائیلاگ ’موگامبو خوش ہوا‘ بھی ہے جو کہ امریش پوری نے ادا کیا تھا، اُن کا اس فلم میں یہ کردار بالی ووڈ کا سب سے مشہور کردار بن گیا تھا۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ امریش پوری سے قبل اس کردار کے لیے کس کو چنا گیا تھا؟

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریش پوری کے بجائے معروف اداکار انوپم کھیر کو اُن سے قبل اس کردار کے لیے چنا گیا تھا، اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انوپم کھیر نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’مسٹر انڈیا‘ میں موگامبو کا کردار امریش پوری سے پہلے مجھے دیا گیا تھا۔‘

انوپم کھیر نے کہا کہ ’لیکن پھر ایک یا دو ماہ بعد فلم کے ہدایت کار نے یہ رول مجھ سے لے کر امریش پوری جی کو دے دیا تھا۔‘

انہوں نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ ’جب ایک اداکار سے ایک کردار دے کر واپس لے لیا جائے تو اُسے بہت برا محسوس ہوتا ہے، لیکن جب میں نے فلم مسٹر انڈیادیکھی اور اُس میں امریش پوری کوموگامبو کا کردار کرتے دیکھا تو مجھے اندازہ ہوا کہ اُس وقت ہدایت کار کا فیصلہ بالکل درست تھا۔‘

1932 میں بھارتی پنجاب کے علاقے جالندھر میں پیدا ہونے والے امریش پوری نے بالی ووڈ میں منفی کردار سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی بھارتی فلم انڈسٹری پر چھا گئے۔

امریش پوری نے رام لکھن، سوداگر، کرن ارجن، کوئلہ، ودھاتا، ہیرو، پھول اور کانٹے، پردیس، میری جنگ اور دل والے دلہنیا لے جائیں گے جیسی یادگار فلموں میں لازوال کردار ادا کیے۔

امریش پوری ہالی ووڈ فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئے اور انڈیانا جونز اینڈ دی ٹیمپل آف ڈوم جیسی بلاک بسٹر فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور فلمی دنیا میں بطور ولن کئی ایوارڈ ز بھی اپنے نام کیے۔

12 جنوری 2005 کو فلمی دنیا کا یہ نامور ستارہ ممبئی کے اسپتال میں دماغ کی شریان پھٹ جانے کی وجہ سے موت کی اندھیری وادی میں کھو گیا۔

تازہ ترین