بالی ووڈ اداکارہ پری نیتی چوپڑا نے بچپن کی سالگرہ کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے والدین کے پاس کیک کے لیے پیسے نہیں ہوتے تھے۔
پری نیتی چوپڑا نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی بچپن کی جدوجہد اور سالگرہ کے سادہ لمحات کو یاد کیا۔
چمکیلا میں دلجیت دوسانجھ کے ساتھ شاندار پرفارمنس دینے والی پری نیتی نے انٹرویو میں بتایا کہ کس طرح ان کے والدین مشکل مالی حالات کے باوجود انہیں خوش رکھنے کی کوشش کرتے تھے۔
پری نیتی نے کہا کہ میں نے اپنے والدین کی جدوجہد دیکھی ہے، وہ سالگرہ کے کیک کے لیے بھی پیسے جمع نہیں کر سکتے تھے، میرے والد بازار جا کر صرف ایک رس گلا یا رس ملائی کا ایک ٹکڑا خرید کر لاتے اور ہم اسی کو سالگرہ کا کیک سمجھ کر کاٹتے تھے۔
پری نیتی نے مزید انکشاف کیا کہ جہاں ایک طرف میرا بچپن امبالہ میں سادگی اور مشکلات میں گزرا، وہیں میرے نانی نانا، جو کینیا میں رہتے تھے بہت امیر تھے۔
ہر سال گرمیوں کی چھٹیوں میں امبالہ سے کینیا جاتی، جہاں میں 2 ماہ ایک شاہانہ زندگی گزارتی تھی، میرے نانا نانی مجھے اور میرے بھائی کو بزنس کلاس کی ٹکٹیں دیتے تھے جبکہ امبالہ میں ہم ایک سادہ زندگی بسر کرتے تھے۔
اداکارہ نے کہا کہ ان متضاد تجربات نے مجھے اور میرے بھائی کو کسی بھی ماحول میں گھل مل جانے کا سبق سکھایا۔
فلم چمکیلا کی زبردست کامیابی کے بعد پری نیتی چوپڑا اب نیٹ فلکس کی ایک مسٹری تھرلر سیریز میں نظر آئیں گی، جسے رینسل ڈی سلوا ڈائریکٹ کر رہے ہیں، مداح ان کے اس نئے پروجیکٹ کے لیے بےحد پُرجوش ہیں۔