• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کورونا سے بڑا وائرس ہے، سائرہ افضل تارڑ

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ کہتی ہیں کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کی آمد پر پورا حافظ آباد بند کر دیا گیا ہے، ریاست کی طاقت استعمال کرکے پولیس سے دکانیں بند کرائی جارہی ہیں، اس سب کے بعد اب ثابت ہوگیا کہ عمران خان کورونا سے بڑا وائرس ہیں۔

مسلم لیگ ن کی رہنما سائرہ افضل تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ سلیکٹڈ کے جلسے کے انتظامات چیف ایگزیکٹوافسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کو سونپے گئے۔

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے جلسے کے لیے عوام نہیں مل رہے تو جلسے کے لیے محکمہ تعلیم کے عملے کو یرغمال بنایا جارہا ہے، اسکولوں کے سربراہان کو حکم دیا گیا تمام عملہ صبح 8 بج کر 30 منٹ پر حاضر کیا جائے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ حکم ہے اسکول اسٹاف کی متعلقہ کلسٹر سینٹر میں حاضری ہوگی، کوئی شرم، کوئی حیا، ایک حاضری کے بعد اسکول اسٹاف کو میونسپل اسٹیڈیم حافظ آباد پہنچایا جائے گا جہاں پھرحاضری ہوگی۔

سائرہ افضل تارڑ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اسکول بند نہیں ہوئے لیکن سیاسی کورونا کے باعث اسکول بند کئے جارہے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین جلسے کریں تو کورونا خلاف ورزی پر پرچے درج کئے جاتے ہیں۔

تازہ ترین