بھارت میں بانی پاکستان محمد علی جناح کی شادی شدہ زندگی پر فلم بنائے جانے کی تیاری کی جارہی ہے، ابتدائی رپورٹس کے مطابق یہ فلم یا ویب سیریز شیلا ریڈی کی کتاب ’مسٹر اینڈ مسز جناح: دی میرج وچ شاک انڈیا‘پر مبنی ہوگی۔
متعدد بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق معروف بالی ووڈ پروڈیوسر کمار تورانی نے شیلا ریڈی کی لکھی ہوئی کتاب ’مسٹر اینڈ مسز جناح: دی میرج وچ شاک انڈیا‘ کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔
تورانی نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم نے ابھی کتاب کے حقوق خریدے ہیں لیکن ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا کہ اس کو کس شکل میں فلم بند کیا جانا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ہمیں ایک تخلیقی ٹیم کی ضرورت ہوگی جس میں ایک ڈائریکٹر اور مصنف شامل ہیں، فلم کے حوالے سے مزید کچھ کہنا فی الحال قبل از وقت ہوگا۔
پروڈیوسر تورانی کا کہنا ہے کہ شیلا ریڈی کی کتاب، جو جناح کے سیاسی سفر کے ساتھ ساتھ بھارت کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے کردار کا احاطہ کرتی ہے، کو سب سے پہلے ان کی تخلیقی ٹیم نے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ دلچسپ موضوعات کی تلاش میں رہتا ہوں جن میں ادبی کام بھی شامل ہیں۔ جب تخلیقی ٹیم نے یہ کتاب تجویز کی تو میں نے سوچا کہ یہ بہت ہی دلچسپ اورانوکھا پروجیکٹ ہو سکتا ہے۔
خیال رہے کہ بالی ووڈ میں کئی نامور تاریخی شخصیات مثلاً مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، بھگت سنگھ اور سردار پٹیل وغیرہ پر فلمیں بنائی جا چکی ہیں لیکن اب پہلی بار بھارتی شوبز انڈسٹری بانی پاکستان محمد علی جناح کی ذاتی زندگی پر فلم بنانے جا رہی ہے۔