ہیلی فیکس (نمائندہ جنگ) برطانیہ سمیت دنیا بھر کے عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری آگئی ہے،سعودی عرب کی حکومت نے تمام ائرلائنز کوعمرہ ،وزٹ ویزا مسافروں کو لانے کی اجازت دے دی ہے۔سعودی جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن نے اس سلسلے میں احکامات جاری کردیئے ہیں۔ برطانیہ سےبھی سعودی ائرلائنز عمرہ زائرین کو لے کر جارہی ہیں۔ گزشتہ روز سعودی ائرلائن کا طیارہ مانچسٹر ائرپورٹ سے عمرہ زائرین کو لے کر روانہ ہوا۔سعودی جنرل اتھارٹی کی جانب سے جاری کئے جانے والے احکامات میں تمام ائرلائنز کو سعودی عرب آمد پر ایس او پی پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہیں۔ سعودی اتھارٹی کی طرف سے ائرلائنز کو جاری ہونے والے نوٹیفیکشن میں وزٹ ویزا سمیت عمرہ زائرین کیلئے متعلقہ قواعد و ضوابط پر عمل درآمد بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کورونا وبا کے دوران عائد پابندی کے بعد غیر ملکی ائرلائنز کو سعودی عرب کی جانب سے پہلی بار اجازت دی گئی ہے۔ واضح رہے یکم نومبر سے بیرون ملک کے زائرین کیلئے عمرہ کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔