• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس IGنے ہی بھیجی تھی، ندیم افضل


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی واقعہ کی انکوائری سے مطمئن ہیں اس کو سراہتے ہیں، آئی جی سندھ نے بہت مدبرانہ طریقے سے اس مسئلہ کو خوش اسلوبی سے نمٹایا تھا،کراچی واقعہ کی ذمہ دار وفاقی حکومت اور غیرذمہ دار وفاقی وزراء ہیں، کیپٹن (ر) صفد ر نے مزار قائد پر ہلڑبازی کی اس کی مذمت کرتے ہیں،وفاقی وزراء گلگت بلتستان میں کھلے عام لوگوں کو ووٹ کے بدلے فنڈ ز کی رشوت دے رہے ہیں، سندھ میں گندم کی نئی فصل کیلئے امدادی قیمت 2000روپے فی من مقرر کی ہے۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن اور ن لیگ کے رہنما رانا تنویر حسین بھی شریک تھے۔ندیم افضل چن نے کہا کہ کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس آئی جی سندھ نے ہی بھیجی تھی، کراچی واقعہ سے متعلق انکوائری ہوئی اچھی شروعات کو سراہنا چاہئے،آئی جی سندھ سے زبردستی دستخط کروائے گئے تو ایسے شخص کو بھی کمانڈر نہیں رہنا چاہئے، گلگت بلتستان میں صاف وشفاف انتخابات ہوں گے، گلگت بلتستان میں کسی کو جلسے کرنے یا الیکشن لڑنے میں رکاوٹ نہیں ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ نواز شریف کے کراچی واقعہ رپورٹ مسترد کرنے سے پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا،وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے انتخابات پر اثرانداز ہورہی ہے۔ وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی واقعہ کی انکوائری سے مطمئن ہیں اس کو سراہتے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو کے مطالبہ پر انکوائری کروانے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،کور کمانڈر فائیو کور اچھی شہرت کے حامل افسر ہیں انہوں نے فائنڈنگز بھیجیں جس پر ایکشن ہوا، آئی جی سندھ نے بہت مدبرانہ طریقے سے اس مسئلہ کو خوش اسلوبی سے نمٹایا تھا۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی واقعہ کے ذمہ دار پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت اور غیرذمہ دار وفاقی وزراء ہیں، وفاقی حکومت اور وزراء کی نادانیوں کی وجہ سے یہ سب ہوا، کیپٹن (ر) صفد ر نے مزار قائد پر جو کیا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، کیپٹن (ر) صفدر کو اس طرح مزار قائد کے اندر ہلڑبازی نہیں کرنی چاہئے تھی،پولیس نے اس کے خلاف باقاعدہ طریقہ کار اپنایا تھا کہ مزار قائد کے ڈائریکٹر آکر درخواست دیں، پی ٹی آئی والوں نے پولیس کو مطلوب مجرم سے کیپٹن صفدر کیخلاف جھوٹا کیس درج کروایا۔

تازہ ترین