آنجہانی اداکارہ سری دیوی اور معروف بھارتی فلم ساز بونی کپور کی پہلی ملاقات سال 1987 میں فلم ’مسٹر انڈیا‘ کے دوران ہوئی تھی۔
بالی ووڈ کو مسٹر انڈیا، جدائی اور نو انٹری جیسی سپرہٹ فلمیں دینے والے مشہور بھارتی فلم ساز بونی کپور آج اپنا 65 واں یوم پیدائش منارہے ہیں۔ اُن کی پیدائش 11 نومبر 1955 کو اُترپردیش کے شہر میرٹھ میں ہوئی تھی۔ اپنے یوم پیدائش پر بونی کپور نے اپنی زندگی کے بارے میں کچھ خاص باتیں کی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 1987 میں بونی کپور ایک فلم بنانے جارہے تھے، جس کا نام ’مسٹر انڈیا‘ تھا اور یہ اُن کا ڈریم پروجیکٹ تھا۔ اُنہیں اس فلم سے کافی اُمیدیں تھیں اور اس فلم کے ذریعے اُنہیں کافی کامیابی ملی بھی تھی۔
فلم مسٹر انڈیا نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس تو کیا ہی لیکن ساتھ ہی بونی کپور کافی مشہور بھی ہوگئے۔ ان کا شمار بالی ووڈ کے مشہور فلم سازوں کی فہرست میں ہونے لگا۔
اس فلم میں وہ لیڈ اداکارہ کے طور پر سری دیوی کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے، جو اُس وقت کی ٹاپ اداکاراؤں میں شمار کی جاتی تھیں۔ اس کے لیے وہ چنائے میں واقع سری دیوی کے گھر ان سے ملنے پہنچے، لیکن اس وقت ان کی ملاقات سری دیوی سے نہیں ہوسکی اور اُنہیں سات دن بعد کا وقت دیا گیا۔
بونی کپور سمجھ گئے تھے کہ اُنہیں ٹالا جارہا ہے، اس لیے وہ سات دن چنائے میں ہی ایک ہوٹل میں رُک گئے اور روز سری دیوی کے گھر کا چکر لگانے لگے۔ آخر کار بونی کپور اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئے، اُن کی سری دیوی سے ملاقات ہوگئی اور کافی کوشش کے بعد سری دیوی مسٹر انڈیا کرنے کے لیے تیار ہوگئیں۔
مسٹر انڈیا جب سپرہٹ ہوئی تو سری دیوی کو بونی کپور پر بھروسہ ہونے لگا اور پھر اُس کے بعد انہوں نے سری دیوی کے ساتھ ایک اور فلم بنائی، جس کا نام ’روپ کی رانی چوروں کا راجا‘ تھی لیکن یہ فلم کامیاب نہیں ہوسکی۔ تاہم اس فلم کے دوران بونی کپور سری دیوی کے ہر نخرے اُٹھایا کرتے تھے، جس سے سری دیوی کافی متاثر ہوئیں اور دونوں کے درمیان اچھی دوستی ہوگئی۔
اس کے بعد بونی کپور جب سری دیوی کے ساتھ فلم ’جدائی‘ بنارہے تھے تو اُسی دوران سری دیوی کی ماں کی طبیعت خراب ہوگئی اور علاج کے لیے اُنہیں امریکا لے جانا پڑا۔ ایسے میں سری دیوی نے اپنے ساتھ بونی کپور کو امریکا لے جانا مناسب سمجھا اور بونی کپور بھی اس دوران سری دیوی کے ساتھ ایک فیملی فرینڈ کی طرح ہمیشہ کھڑے رہے۔
تاہم غلط علاج کی وجہ سے سری دیوی کی والدہ کا انتقال ہوگیا، جس کے بعد بونی کپور نے اسپتال پر مقدمہ کردیا اور طویل لڑائی کے بعد ہرجانہ وصول کیا۔
بونی کپور کے ان جذبات کو دیکھنے کے بعد سری دیوی کے دل میں بونی کپور کے لیے جگہ بن گئی، یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ شادی شدہ ہیں۔ اس کے بعد دونوں نے سال 1996 میں شادی کرلی، جس کے بعد بونی کپور کو گھر والوں کی کافی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔
سری دیوی اور بونی کپور کی دو بیٹیاں ہیں، جن کا نام جھانوی کپور اور خوشی کپور ہے۔