• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق گورنر گلگت بلتستان کے بیٹے کا 4 روزہ راہداری ریمانڈ


سابق گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر کے بیٹے پرنس سلیم کا 4 روزہ راہداری ریمانڈ منظور ہوگیا۔

نیب حکام کے مطابق پرنس سلیم کو نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) سے 50 ملین روپے کے فراڈ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

سابق گورنر گلگت بلتستان کے صاحبزادے طلب کیے جانے کے باوجود نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے گرفتار ملزم کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا۔


نیب نے ملزم کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرنے کی استدعا کی تھی مگر احتساب عدالت نے ملزم پرنس سلیم کو 4 دن میں گلگت بلتستان کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

پرنس سلیم نے عدالت کے روبرو کہا کہ میرا تعلق سیاسی خاندان سے ہے، الیکشن سے قبل نیب نے مجھے گرفتار کرلیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این بی پی کو ساری رقم واپس مل چکی ہے، میری گرفتاری بدنیتی پر مبنی ہے۔

ملزم پرنس سلیم کے وکیل اسامہ خالد نے اس حوالے سے کہا کہ میرے موکل کو 10 برس پرانے کیس میں نیب نے گرفتار کیا ہے۔

تازہ ترین