• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کی تدفین ، وزیراعظم، آرمی چیف کا اظہار تعزیت

پشاور (نیوز ایجنسی، جنگ نیوز) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ کو سپرد خاک کر دیا گیا، ان کی نماز جنازہ جمعہ کے روز کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں ادا کی گئی جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، صوبائی وزراء، کورکمانڈر پشاور، آئی جی خیبرپختونخوا، ترجمان صوبائی حکومت کامران بنگش، غلام بلور، میاں افتخار حسین نے شرکت کی۔وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت مختلف سیاسی وقومی رہنمائوں نے ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ قبل ازیں نماز جنازہ میں ہائیکورٹ کے ججز سمیت وکلاء اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کورونا ایس او پیز کے تحت نمازہ جنازہ پڑھایا گیا اور شریک افراد کے درمیان تین فٹ کے فاصلے کو یقینی بنایا گیا۔دوسری جانب پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کی اپیل پر جسٹس وقار سیٹھ کے جمعہ کے روز ملک بھر میں وکلا نے یوم سوگ منایا۔ صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے مرحوم چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کے وفات پر رنج وغم کے اظہار کے طور پر جمعہ کے روز پورے صوبے میں سوگ منایا گیا اور تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ صوبائی حکومت کے جاری اعلامیہ میں مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی ہے۔

تازہ ترین