• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کا شوہر کو پہلی بیوی بچوں کو خرچہ ادا کرنے کا حکم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے دوسری شادی کرنے والے شوہر کو پہلی بیوی اور بچوں کو خرچہ اور بقایاجات فوری ادا کرنے کا حکم جاری کردیا۔جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ ایک بیوی سنبھلی نہیں پھر دوسری شادی کیوں کی‘ بچے آپکے ہیں تو خرچہ بھی دینا ہوگا، دوران سماعت درخواست گزار شوہر کے وکیل کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ درخواست گزار بیمار ہے اس لئے خرچے کی مد میں واجب الاد 12لاکھ روپے معاف کردیئے جائیں۔ جس پر جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے کہ اگر شوہر بیمار تھا تو کس حکیم نے اس کو دوسری شادی کا مشورہ دیا۔ ایک بیوی سنبھلی نہیں پھر دوسری شادی کیوں کی۔ بچے آپکے ہیں تو خرچہ بھی دینا ہو گا۔ آج کل کے دور میں دس ہزار ماہانہ خرچہ کونسی زیادہ رقم ہے۔ جمعہ کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ شوہر کی کل 65 ہزار تنخواہ ہے آدھی تنخواہ کیسے پہلی بیوی کو دے گا۔ شوہر بیمار آدمی ہے بیماری کے بھی اخراجات ہیں‘ بقایاجات کی رقم 12 لاکھ سے زائد بنتی ہے۔ عدالت سابقہ اخراجات کا حکم ختم کر دے آئندہ ہر ماہ خرچہ دینے کو تیار ہیں۔ جس پر جسٹس قاضی امین نے برہمی کا اظہا کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی زندگی آپ کی ذمہ داری بنتی ہے‘ اگر درخواست گزار نے حکم پر عمل نہ کیا تو کارروائی ہوگی۔ عدالت نے شوہر کو بچوں کے تمام بقایا جات خرچے سمیت ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

تازہ ترین