• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردی میں اضافے کیساتھ کورونا کیسز بھی بڑھنا شروع ہوگئے، مرتضیٰ وہاب


ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کورونا وائرس کے کیسز بھی بڑھنا شروع ہوگئے ہیں۔

سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نےاپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ کوورنا وائرس کے کیسز کی شرح ساڑھے سات فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر میں احتیاط کے پیش نظر یہ شرح صرف ڈیڑھ دو فیصد تھی۔ یہ تاثر قطعی غلط ہے کہ ہمارے ہاں سے کورونا ختم ہوگیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پہلے کی طرح احتیاط برتنا ہوگی، اوائل میں عوام نے کورونا سے نمٹنے کے لیے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا جبکہ بعض افراد نے یہ تاثر قائم کیا کہ کورونا پاکستان سے ختم ہوگیا۔

ترجمان سندھ حکومت نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہمیں اپنے روزگار کے ساتھ ساتھ احتیاط بھی کرنا ہوگی، شہری ماسک کے استعمال پر لازمی اور ہر صورت عملدرآمد کریں۔

انہوں نے کہا کہ گھر سے باہر نکلنے کی صورت میں اپنے منہ اور ناک کو ماسک یا کسی کپڑے سے ضرور ڈھانپیں، فیزیکل فاصلے سمیت تمام ایس او پیز پر عمل کرکے کورونا سے بچا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین