پروٹین انسانی صحت اور جسم میں موجود پٹھوں کی نشوونما کے لیے نہایت ضروری جز ہے، پروٹین دودھ، گوشت، انڈے، مچھلی اور دالوں سے با آسانی حاصل کیا جاسکتا ہے۔
لفظ ’پروٹین‘ یونانی لفظ ’پروٹیوس‘ سے نکلا ہے جس کے معنی بنیادی یا اول کے ہیں، ہمارے جسم کے وزن کا 18 سے 20 فیصد پروٹین پر مشتمل ہوتا ہے، پپروٹین کاربوہائیڈریٹس اور چکنائی کی طرح ایک بنیادی نیوٹرینٹ ہے، بنیادی نیوٹرینٹس انسانی جسم کو توانائی فراہم کرتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق پروٹین صحت کے لیے لازمی ہے جس کا غذا میں شامل کرنا ضروری ہے، پروٹین سے بھر غذاؤں کے استعمال کے نتیجے میں ہمارا معدہ پروٹین کو توڑ کر امینو ایسڈز میں تبدیل کرتا ہے، اس کے بعد چھوٹی آنت اس پروٹین کو جذب کر لیتی ہے، اس عمل کے بعد امینو ایسڈز ہمارے جگر تک پہنچتے ہیں، جگر یہ طے کرتا ہے کہ ہمارے جسم کے لیے ضروری امینو ایسڈز کون سے ہیں، جگر قابل استعمال پروٹین کو جسم کو فراہم کر دیتا ہے جبکہ مضر صحت اجزا کو خارج کر دیتا ہے ۔
ماہرین غذائیت کی جانب سے ایک بالغ لڑکی کو دن میں 45 گرام جبکہ لڑکے کو دن میں کم از کم 55 گرام پروٹین کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے، طبی ماہرین کے مطابق دو مٹھی گوشت، مچھلی، خشک میوہ جات یا دالیں کھانے سے روزانہ پروٹین کی ضرورت پوری ہو جاتی ہے۔
پروٹین کی کمی کے نتیجے میں جسم پر آنے والے منفی اثرات
روزانہ کی بنیاد پر ورزش کرنے والے افراد اور وزن میں کمی لانے لانے کے خواہشمند افراد کے لیے پروٹین کا زیادہ استعمال لازمی قرار دیا جاتا ہے، طاقت بڑھانے والی ورزش کرنے سے پٹھوں میں موجود پروٹین ٹوٹنے لگتی ہے، ایسے میں پٹھوں کو طاقتور بنانے کے لیے پروٹین کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ متاثرہ پٹھوں کی مرمت ہو سکے۔
باڈی بلڈنگ اور پٹھوں کی نشو و نما کے لیے پروٹین بے حد ضروری ہے، پروٹین کی مطلوبہ مقدار نہ لینے کی صورت میں بال جھڑنا، جلد پھٹنا، وزن گھٹنا اور پٹھے کھچنے کی شکایتیں ہو سکتی ہیں۔
پروٹین حاصل کرنے کے ذرائع
غذاؤں میں سب سے اعلیٰ معیار کی پروٹین انڈے میں پائی جاتی ہے، پروٹین پودوں جیسے کے دالوں، گری دار میوے، خشک میوہ جات، بیج وغیرہ اور گوشت اور دودھ سے بنی مصنوعات سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
پروٹین کے استعمال سے حاصل ہونے والے فوائد
پروٹین کے زیادہ استعمال سے وزن میں کمی آتی ہے ، پروٹین والی غذاؤں کے استعمال سے تا دیر بھوک محسوس نہیں ہوتی، پپروٹین پٹھوں کی افزائش میں مدد دیتا ہے جبکہ کمزور افراد صحت مندانہ طریقے سے مسلز بنانے کے لیے پروٹین کا زیادہ استعمال کر سکتے ہیں۔