• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس موسم سرما امرود سے قوت مدافعت بڑھائیں

امرود میں متعدد طریقوں سے آپ کی مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند خصوصیات ہیں۔ اس موسم سرما میں امرود سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اپنی قوت مدافعت بڑھائیں اور صحت سے متعلق دیگر متعدد فوائد بھی حاصل کریں۔

موسم سرما قریب ہے اور اس کے لیے درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ، صحت مند غذا کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔ موسم کے مطابق صحت مند کھانا آپ کو تندرست رہنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور اس حوالے سے ہر موسم میں مختلف پھل اور سبزیاں پیش کی جاتی ہیں۔ موسمی پھل کھانے سے آپ کو ضروری غذائی اجزاء مل سکتے ہیں اور آپ کو فٹ رہنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

امرود ان ہی پھلوں میں سے ایک ہے جو سردیوں کے موسم میں عام طور پر دستیاب ہوتے ہیں۔ اس پھل میں صحت سے متعلق کئی فوائد ہیں۔ صرف پھل ہی نہیں بلکہ امرود کے پتے بھی صحت سے متعلق کچھ فوائد سے بھرپور ہوتے ہیں۔ یہاں ماہرین امرود کے ایسے حیرت انگیز فوائد بتا رہے ہیں جن کے بارے میں جاننے کے بعد آپ موسم سرما میں امرود کا استعمال لازمی کریں گے۔

امرود کے حیرت انگیز فوائد:

قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے:

وٹامن سی قوت مدافعت کو بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے اور امرود میں وٹامن سی کی ایک اچھی مقدار ہوتی ہے جو مدافعتی نظام کے صحت مند کام کو یقینی بناتی ہے۔ اس موسم سرما میں آپ اس حیرت انگیز پھل سے مختلف بیماریوں کے خطرے کو قابو کرسکتے ہیں۔

بلڈشوگر کے مریضوں کیلئے مفید:

امرود اور اس کے پتے دونوں ہی بلڈ شوگر کی سطح کو سنبھالنے میں آپ کی مدد کرسکتے ہیں۔ مطالعات کے مطابق، امرود کے پتے بلڈ شوگر کی سطح کو کم کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔ یہ پھل فائبر سے بھرپور ہوتا ہے جو شوگر کے مرض میں فائدہ مند ہوتا ہے، اگر آپ شوگر کے مریض ہیں تو آپ اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرسکتے ہیں کہ ایک دن میں آپ کے لیے امرود کا کتنا استعمال مفید ہے۔

وزن میں کمی اور نظام ہاضمہ بہتر کرتا ہے:

امرود فائبر سے لدے ہوتے ہیں۔ اعلیٰ فائبر مواد آنتوں کی صحت کو فروغ دیتا ہے اور نظام ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے۔ اس سے قبض جیسے مسائل سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے  اور اس کے علاوہ امرود وزن کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

بلڈ پریشر کو کم کرتا ہے:

ہائی بلڈ پریشر آپ کو دل کی بیماری کے زیادہ خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ امرود میں پوٹاشیم اور فائبر کی موجودگی سے بلڈ پریشر کی سطح کم ہوتی ہے۔ صحت مند بلڈ پریشر کی سطح کو برقرار رکھنے کےلیے صحت مند غذا اور طرزِ زندگی کا انتخاب کریں۔

جِلد کو نکھارتا ہے:

امرود میں اینٹی آکسیڈینٹ ہوتے ہیں جو آپ کی جِلد کو بڑھاپے سے بچاتے ہیں۔ وٹامن سی جِلد کی مجموعی صحت کو برقرار رکھنے اور نِکھارنے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔

تازہ ترین