گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کشمور میں بچی سے زیادتی کے ملزم کو گرفتار کرنے والے پولیس افسر محمد بخش کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا اور وزیراعظم عمران خان بہت جلد محمد بخش کو وزیر اعظم ہاؤس بلاکر ان سے ملاقات کریں گے۔
عمران اسماعیل نے قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمور میں معصوم بچی کو بچانے والے اے ایس آئی کوسلام پیش کرتا ہوں بچی زندگی اور موت کی جنگ لڑرہی ہے۔
گورنر سندھ نے اپنی اہلیہ اور دیگر کے ساتھ کشمور سے تعلق رکھنے والی بچی کی عیادت اور اس کی والدہ سے ملاقات کی۔
انہوں نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، بچی کے علاج معالجہ کے لئے وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایت ہے۔
گورنر سندھ نے سندھ پولیس کی کارکردگی کی بھی تعریف کی اور مالی مدد کے لئے بچی کی والدہ کو پانچ لاکھ روپے دینے کااعلان بھی کیا۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ بچی کی کفالت، تعلیم اور اس کی والدہ کو نوکری دینے کا ذمہ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ نے لیا ہے۔