• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چند سیاسی پارٹیوں کےسربراہان شکوک و شبہات پیدا کرناچاہتےہیں،چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر جی بی راجہ شہباز خان کا کہنا ہے کہ پورے گلگت بلتستان میں مثالی الیکشن ہوا، انتخابات صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوئے، جی بی کے عوام نے مرضی سے اپنے ووٹ کا استعمال کیا، چند سیاسی پارٹیوں کے سربراہان شکوک و شبہات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپیل کی کہ بیانات کے بجائے الیکشن کمیشن سے رجوع کریں، غیر ذمہ دارانہ اور غیر ضروری بیانات سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پُرامن ماحول میں پولنگ ہوئی، جس پر گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کچھ علاقوں میں بارش اور برفباری بھی ہوئی، نتائج آنے میں وقت لگے گا، جبکہ پریزائڈنگ آفیسر سے ابھی میرے پاس کوئی سرکاری نتیجہ نہیں آیا، نتائج پولنگ ایجنٹس کے سامنے بنائے جارہے ہیں، جس فارم پر رزلٹ بنتا ہے اس پر تمام پولنگ ایجنٹس کے دستخط ہوتے ہیں۔


راجا شہباز خان نے کہا کہ کسی پولنگ اسٹیشن پر پولیس کی نفری کم نہیں تھی، ووٹرز ہمارے اندازوں سے بھی زیادہ تعداد میں آئے، دو ماہ سے کہہ رہا ہوں اگر کہیں دھاندلی ہوئی ہے تو مجھے بتائیں، تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ایجنٹوں سے پوچھا کہ آپ مطمئن ہیں سب نے مثبت جواب دیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آج عید کی طرح خوش تھے ،امریکا جیسے ملک کا ٹرمپ بھی کہہ رہا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں خوشی میں فائرنگ کی گئی،جبکہ اس پر پابندی لگادی ہے، جس نے ہوائی فائرنگ کی ہے اس کے خلاف ایکشن ہوگا۔

تازہ ترین