• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی اجتماع پر پابندی کا فیصلہ پی ڈی ایم کے لیے ہے، میاں افتخارحسین


پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان میاں افتخارحسین نے کہا کہ عجیب سی بات ہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا نہیں تھا، گلگت بلتستان میں تو بڑے بڑے جلسے ہوئے، عوامی اجتماع پر پابندی کا فیصلہ پی ڈی ایم کے لیے کیا جارہا ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد ہونا چاہیے، مگر یہ نہیں ہو سکتا کہ پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک کو روکا جاسکے۔

پی ڈی ایم کی اسٹیئر نگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخارحسین نے کہا کہ اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی، اے پی سی میں پاس قرارداد سربراہی اجلاس میں رکھیں گے۔

میاں افتخارحسین نے کہا کہ اجلاس میں پشاور جلسے سے متعلق بات ہوئی، اجلاس میں شٹرڈاؤن اور اسلام آباد کی طرف  مارچ سےمتعلق تجاویز آئیں،شٹرڈاؤن اور اسلام آباد مارچ کا فیصلہ سربراہی اجلاس میں کیا جائے گا۔

ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ گلگت الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی، شفاف انتخابات نہیں ہوئے، پہلےصوبوں کا رونارو رہےتھے اب جی بی میں بھی دھاندلی کی گئی۔


میاں افتخار نے کہا کہ ہمارے بیانیے میں کوئی تضاد نہیں ہے، اے پی سی کی کچھ شقوں میں اضافہ کیا گیا ہے، آئین کی بالادستی چاہتے ہیں، جو بھی بات ہو گی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی فضا بنی تو پی ڈی ایم سربراہان مذاکرات کا فیصلہ کریں گے، موجودہ حکومت دھاندلی کی پیدا وار ہے، حکومت کے رخصت ہونے سے مسائل حل ہوں گے، جبکہ مداخلت سے پاک نئے الیکشن ہونے چاہئیں۔

تازہ ترین