پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ فوج سے بات کرنے کا فیصلہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہی ہوگا۔
گلگت میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار جمہوری طریقے سے اور الیکشن سے لیے جاتے ہیں۔
اس سے پہلے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی فوج سے بات چیت کرنے سے متعلق اپنا موقف پیش کیا تھا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات ہوئے تو وہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہی ہوں گےاور ہم جلسے بھی جاری رکھیں گے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے بیانات میں کوئی تضاد نہیں ہے۔