وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کو فوری طور پر طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کو فیض آباد پر دھرنے پر بیٹھے لوگوں سے مذاکرات کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق نور الحق قادری ہدایت ملتے ہی لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ فیض آباد پر دھرنا دینے والوں سے مذاکرات کریں گے۔
گستاخانہ خاکوں کے خلاف تحریک لبیک (ٹی ایل پی) پاکستان کا فیض آباد پر دھرنا جاری ہے، ٹی ایل پی کے کارکنوں نے ایک بار پھر فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا دے رکھا ہے۔
پولیس کی بھاری نفری دھرنے کی جگہ پر پہنچ چکی ہے جبکہ رینجرز بھی معاونت کے لیے دستیاب ہے جبکہ دھرنے کے شرکاء اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ دھرنے کے شرکاء کو دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق شمس آباد روڈ پر کنٹینرز لگاکر ٹریفک اور پیدل افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر کنٹینرز موجود ہیں، جڑواں شہروں کے لوگوں کو اس وجہ سے آمد و رفت میں مشکلات درپیش ہیں۔