• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای سی سی اجلاس: اہم دفاعی امور کیلئے گرانٹس منظور


اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ملکی سیکیورٹی پر مامور فوجی جوانوں، پاک ایران سرحدی باڑ سمیت اہم دفاعی امور کےلیے گرانٹس کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے امور خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں10 نکاتی ایجنڈے پر غور  اور اہم فیصلے کیے گئے۔

ای سی سی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اندرونی سیکیورٹی پر مامور پاک فوج کے جوانوں کے لیے اضافی الاؤنسز کی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے کے لیے گرانٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔


ای سی سی اعلامیے کے مطابق پاک فوج کے اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن نارتھ کے لئے گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق سیسنا طیارے کی مرمت کے لئے وزارت دفاع کو گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

ای سی سی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے کامیاب جوان پروگرام کے لئے 5 کروڑ 30 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔

اس موقع پر مقامی سطح پر سم کارڈ اور اسمارٹ کارڈ کی تیاری کے لیے وفاقی وزیر حماد اظہر کی سربراہی میں کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، سرمایہ کاری بورڈ اور ٹیلی کام سیکٹر کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

ای سی سی نے کینو اور آم کی برآمد کےلیے بھی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

تازہ ترین