• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے ایس آئی محمد بخش کے اعزاز میں تقریب، 13 لاکھ کے کیش انعامات


کشمور میں بچی سے زیادتی کے ملزمان کو پیشہ ورانہ مہارت سے گرفتار کرانے والے سندھ پولیس کے اے ایس آئی محمد بخش برڑو کے اعزاز میں کراچی ویسٹ زون پولیس کی جانب سے بھی شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ 

تقریب میں پارلیمنٹیرین، سیاسی و سماجی رہنماؤں، تاجروں، شہریوں اور پولیس ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

تقریب میں کشمور کے اے ایس آئی محمد بخش برڑو کیلئے شہریوں کی جانب سے 13 لاکھ 20 ہزار روپے سے زائد کے کیش انعامات دیئے گئے۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون عاصم قائم خانی کی جانب سے تقریب کے آخر میں جمع کئے گئے تحائف اور کیش انعامات اے ایس آئی اور ان کی فیملی کو پیش کئے گئے۔

تحائف کاؤنٹر پر موٹر سائیکل کے علاوہ ملبوسات اور دیگر اشیاء کے ڈھیر لگ گئے۔ تقریب میں موجود شہریوں کی جانب سے پولیس افسر اور ان کی فیملی کو دل کھول کر تحائف پیش کئے گئے۔ تحائف جمع کرنے کے لیے ایک الگ کاؤنٹر بنایا گیا تھا۔

تقریب کے دوران اے ایس آئی کی بچی کی شادی کے لئے تاجروں کی ایسوسی ایشن کی جانب سے فرنیچر اور جہیز دینے کے اعلانات کیے گئے۔ ڈی آئی جی عاصم قائم خانی نے اے ایس آئی کو کیش انعامات سے بھرا بریف کیس پیش کیا، جبکہ انھیں تحفے میں دی گئی موٹر سائیکل پر انھیں بٹھا کر ڈی آئی جی ویسٹ زون عاصم قائم خانی نے ساتھ بیٹھ کر تصویر بنائی۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون عاصم قائم خانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یاد ہے کہ ایک کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران جاوید میاں داد نے چھکا مارا جو دنیا فراموش نہیں کر سکی اور محمد بخش برڑو نے جو پولیس کے محکمے کے لیے چھکا مارا ہے وہ بھی یاد رہے گا۔


ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائم خانی نے کہا کہ اے ایس آئی محمد بخش نے اپنی فیملی کی زندگی داؤ پر لگا کر معصوم بچی کو بچایا۔ آج اے ایس آئی محمد بخش کراچی کے عوام کا مہمان ہے۔ سوسائٹی کو یہ باور کرانا چاہیے کہ اچھے کام کو سراہا جاتا ہے۔ کوئی بھی اچھا کام کرے گا اسے شاباش ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ لندن سے لوگ فون کرکے محمد بخش اور اس کی فیملی کو سلام کہہ رہے ہیں۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی سفیر نے محمد بخش کے اس عمل کو سراہا۔ محمد بخش برڑو کے اچھے کام سے دنیا میں بھر میں فخر سے سر بلند ہوگیا۔

تقریب میں کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد، سابق صوبائی وزیر داخلہ روف صدیقی ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری اور سماجی و سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

تازہ ترین