• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈ کپ میں شمولیت کا فیصلہ جمعہ یا پیر تک ہوگا، محسن نقوی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں شمولیت کا فیصلہ جمعہ یا پیر تک ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے طویل ملاقات کے بعد محسن نقوی سوشل میڈیا پر دیے گئے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نے تمام آپشنز کو مدنظر رکھ کر معاملہ سلجھانے کی ہدایت دی۔

محسن نقوی نے ملاقات میں وزیراعظم کو آئی سی سی سے معاملات پر بریفنگ دی، اس موقع پر شہباز شریف  نے معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی، ساتھ ہی تمام آپشنز کھلے رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) سینیٹر محسن نقوی نے اسلام آباد میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت سے متعلق اہم ملاقات کی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے وزیراعظم کو بریفنگ دی اور بتایا کہ پاکستان نے بنگلادیش کے موقف کی بھرپور حمایت کی اور اُس کا کیس دنیا بھر میں بھرپور انداز میں پیش کیا۔

ذرائع کے مطابق دوران ملاقات بنگلادیش کو ورلڈکپ سے باہر کیے جانے پر آئی سی سی سے بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان آئی سی سی کو بذریعہ خط اپنا احتجاج ریکارڈر کرائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور سینیٹر محسن نقوی کی ملاقات ختم ہوگئی ہے، جس کے بعد چیئرمین پی سی بی واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دوران ملاقات چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم کو آئی سی سی کے دہرے معیار پر بریفنگ دی اور بتایا کہ آئی سی سی بھارت کے لیے ایک قانون اور دیگر ممالک کے دوسرا قانون استعمال کرتا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور محسن نقوی کی ملاقات میں بنگلادیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے نکالے جانے کے بعد احتجاج کے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت سے متعلق ہونے والی اہم ترین ملاقات میں میگا کرکٹ ایونٹ کے مکمل بائیکاٹ یا پاکستان اور بھارت کا میچ نہ کھیلنے کے امور پر غور کیا گیا۔

کیا پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرے گا یا پھر پاک بھارت میچ نہیں کھیلے گا، 15 فروری کو کولمبو میں بھارت سے میچ نہ کھیلنے سے پاکستان کے صرف 2 پوائنٹ کٹ جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کامیچ ایونٹ کا بڑا مقابلہ ہوتا ہے، جس کے نہ ہونے سے آئی سی سی کو بھاری مالی نقصان ہوگا۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شمولیت یا عدم شمولیت پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا، اس موقع پر وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے وزیراعظم کو بتایا کہ اگر بھارت سے ہم میچ نہ کھیلیں تو اُس کا زیادہ نقصان بھارت کو ہوگا، جس پر شہباز شریف نے کہا کہ ہم وہ فیصلہ کریں جو پاکستان اور بنگلادیش کے مفاد میں ہوگا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید