• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمور کیس کے ہیرو محمد بخش اور صاحبزادی کے اعزاز میں تقریب


کراچی میں کشمور بچی زیادتی کیس کے ہیرو پولیس افسر محمد بخش برڑو اور ان کی صاحبزادی کی اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ تقریب میں سندھ حکومت کے ترجمان، مشیر قانون، ماحولیات اور ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر آئی جی سندھ، قائم مقام ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز، سی پی ایل سی چیف اور قومی ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ بھی موجود تھے۔

تقریب کے ہیرو کی آمد کے لیے استقبال کی شاندار تیاریاں کی گئیں، اے ایس آئی محمد بخش برڑو اور ان کے اہل خانہ کو بگھی میں بٹھا کر سینٹرل پولیس آفس لایا گیا۔


ہال میں اے ایس آئی محمد بخش نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ریڈکارپٹ پر انٹری دی، اس موقع پر کراچی اور سندھ رینج کے مختلف افسران بھی موجود تھے۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، اس کے بعد محمد بخش برڑو اور ان کی بیٹی کا اسٹیج پر شایان شان انداز میں استقبال کیا گیا ۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہم سب کو کھڑے ہوکر اے ایس آئی اور ان کی بیٹی کو سلوٹ کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس ان کی بہادری اور جرات کی تعریف کے لیے الفاظ ہی نہیں ہیں، سب سے زیادہ قابل فخر بات یہ ہے کہ آج بھی اے ایس آئی محمد بخش اور ان کی بیٹی کے شکل میں احساس زندہ ہے۔

تازہ ترین