• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کروبرَو میں پناہ گزینوں کے قیام کے منصوبے کیخلاف ہزاروں افراد کا احتجاج

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

ایسٹ سسیکس کے قصبے کروبرَو میں سابق فوجی کیمپ میں پناہ گزینوں کو رہائش دینے کے حکومتی منصوبے کے خلاف ہزاروں افراد سرآپا احتجاج ہیں۔

مظاہرین میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے جو کیمپ سے قصبے تک مارچ کرتے رہے۔

ہوم آفس کی جانب سے اس سابق فوجی اڈے پر 500 تک مرد پناہ گزینوں کو رکھنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس کا مقصد ہوٹلوں میں پناہ گزینوں کے قیام کا سلسلہ ختم کرنا ہے۔ گزشتہ ہفتے ابتدائی طور پر 27 پناہ گزینوں کو کیمپ میں منتقل کیا جا چکا ہے۔

احتجاج میں مقامی رہائشیوں کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے دیگر حصوں سے آئے بعض دائیں بازو کے کارکنان اور گروہوں نے بھی شرکت کی، جس پر مقامی افراد نے تشویش کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

کروبرَو شیلڈ نامی رہائشی گروپ، جو خود کو غیر سیاسی قرار دیتا ہے، منصوبے کے خلاف قانونی کارروائی کی قیادت کر رہا ہے۔ گروپ نے ہوم سیکریٹری شبانہ محمود پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ قصبے اور دیگر علاقوں پر زبردستی پناہ گزینوں کے قیام کے منصوبے مسلط کر رہی ہیں۔

سَسیکس پولیس کے مطابق اتوار کے روز احتجاج کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، تاہم ہفتے کے روز بدامنی کے واقعات پر 3 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ کے لیے علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب ہوم سیکریٹری شبانہ محمود نے کہا ہے کہ وہ قانونی چیلنجز کا سختی سے دفاع کریں گی اور پناہ گزینوں کو ہوٹلوں سے منتقل کرنا ملک کے مفاد میں ضروری ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید