وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے احساس پنجاب پروگرام کے تحت باہمت بزرگ پروگرام کا آغازکردیا۔ وزیراعلیٰ نے بزرگوں میں کارڈز بھی تقسیم کیے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ بزرگوں کی قدر و منزلت اور خدمت نہ صرف سماجی بلکہ مذہبی ذمہ داری بھی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایوان وزیر اعلیٰ میں احساس پنجاب پروگرام کے تحت باہمت بزرگ پروگرام کا افتتاح کیا۔ بزرگ خواتین و حضرات میں باہمت بزرگ کارڈ تقسیم کئے۔
باہمت بزرگ پروگرام کیلئے 2 ارب روپے کی ابتدائی رقم سے خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے جس سے65 سال اور اس سے زائد عمر کے مستحق بزرگوں کی مالی معاونت کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ”باہمت بزرگ پروگرام“ کے تحت بزرگ شہریوں کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ باہمت بزرگ پروگرام کا آغاز بے حد خوش آئند ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ریاست مدینہ کا جو تصور دیا ہم اس کے آغاز کی طرف بڑھ چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے پروگرام کے حوالے سے اچھی کارکردگی دکھانے پر 3 اضلاع بہاولنگر، سیالکوٹ اور خوشاب کے انتظامی افسران کو تعریفی سرٹیفیکٹ بھی دیے۔