بالی وڈ منشیات کیس کی تحقیقات میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے بھارت کی مقبول ترین کامیڈین اسٹار بھارتی سنگھ کے گھر چھاپہ مارا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ منشیات کیس کی تحقیقات کرنے والے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے آج صبح معروف کامیڈین اسٹار بھارتی سنگھ کے گھر چھاپہ مارا گیا جس کے بعد اُن کے گھر کی تلاشی جاری ہے۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ بھارتی سنگھ اور اُن کے شوہر پر منشیات استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل این سی بی نے منشیات کیس کی تحقیقات کرتے ہوئے بھارتی اداکار ارجن رامپال کے گھر چھاپہ مار کر اُن کے گھر کی تلاشی لی تھی۔
اس کے بعد نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گزشتہ ہفتے تفتیش کے لیے بھارتی اداکار ارجن رامپال کو ممبئی اپنے آفس طلب کیا تھا جہاں سات گھنٹے تک ارجن رامپال سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔
این سی بی آفس سے باہر آنے کے بعد ارجن رامپال نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اُن کامنشیات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، اُن کی رہائش گاہ سے منشیات تیار کرنے کے کچھ نسخے ملے تھے جو اُنہوں نے این سی بی کے عہدیداروں کے حوالے کردیے ہیں۔‘
ارجن رامپال نے کہا تھا کہ ’وہ تحقیقات میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں جبکہ این سی بی کے عہدیدار اچھا کام کر رہے ہیں۔‘
واضح رہے کہ این اسی بی کی جانب سے منشیات کیس اُس وقت شروع کیا گیا جب رواں سال سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد منشیات سے متعلق کچھ واٹس ایپ چیٹس منظر عام پر آئیں۔
اس کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے جن بالی وڈ اداکاروں کے خلاف تحقیقات کی تھی اُن میں صف اول اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اُن کی مینیجر کریشمہ پرکاش، کرن جوہر، ریا چکرورتی، سارہ علی خان اور شردھا کپور سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔