آپ آف لائن ہیں
منگل8ربیع الثانی 1442ھ 24؍نومبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

انوپم کھیر، رشی کپور کو یاد کرکے جذباتی ہوگئے

سینئر بھارتی اداکار انوپم کھیر اپنے دوست اور ساتھی اداکار رشی کپور کو یاد کرکے جذباتی ہوگئے، اُن کے لیے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار انوپم کھیر نے کچھ تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں وہ رشی کپور اور اُن کی اہلیہ اداکارہ نیتو کپور کے ساتھ موجود ہیں۔

انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصاویر کے ساتھ کیپشن میں انوپم کھیر نے لکھا کہ ’نیتو جی! کل رات چندی گڑھ میں آپ سے رشی جی کے بغیر ملاقات ہوئی، اس ملاقات نے وہ دن یاد دلا دیے جب ہم نیویارک میں ایک ساتھ تھے۔‘


انہوں نے لکھا کہ ہم نے ایک ساتھ دکھ درد بانٹا ہے جس نے ہمارے رشتے کو مزید مضبوط کردیا ہے، یہ تصاویر چنٹو جی (رشی کپور) کے زندہ دل ہونے کا ثبوت ہیں۔ مجھے بے حد خوشی ہے کہ آپ نے دوبارہ کام کا آغاز کردیا ہے، آپ کے اس فیصلے سے رشی کپور بھی خوش ہوں گے۔

انوپم کھیر نے مزید لکھا کہ آپ کے دوست ہمیشہ آپ کے ساتھ موجود ہیں، اور یاد رکھیں کہ کچھ رشتے ایسے ہوتے ہیں جو آپ کی زندگی میں ٹیپ ریکارڈر میں موجود ’رُکنے والے‘ بٹن کی طرح ہوتے ہیں۔ جو ہمیشہ اُسی جگہ سے شروع ہوتے ہیں جہاں سے آپ نے انہیں چھوڑا ہوتا ہے۔

اداکار نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ آپ کے لیے بہت سارا پیار اور دعائیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے کچھ ایموجیز بھی بنائی ہیں۔

انوپم کھیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ پوسٹ ایک دن قبل شیئر کی تھی جسے اب تک تقریباً ایک لاکھ 45 ہزار مداح لائیک کرچکے ہیں، اُن کی اس پوسٹ پر صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپورکی موت کے بعد اُن کی اہلیہ اداکارہ نیتو کپور نے دوبارہ شوٹنگ کا آغاز کردیا ہے، اس حوالے سے نیتو کپور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک فوٹو شیئر کی تھی جس میں وہ انیل کپور، اداکارہ کیارا آڈوانی، اداکار ورون دھون کے ساتھ موجود تھیں۔

وہ تصویر انہوں نے شوٹنگ کے لیے چندی گڑھ روانہ ہونے سے قبل لی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید