• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑے اداروں کی اوور ہالنگ اور تشکیلِ نو کا فیصلہ


وفاقی حکومت نے بڑے اداروں کی اوور ہالنگ اور ری اسٹرکچرنگ کا فیصلہ کرلیا، پی آئی اے کے ساڑھے تین ہزار ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دیا جائے گا، ملازمین کی تعداد 14 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار کی جائے گی۔

قومی ایئرلائن کو نئے منافع بخش روٹس پر چلایا جائے گا، محکمہ ریلوے میں بہتری کے لیے پانچ کمپنیاں بنائی جائیں گی۔

کمپنیاں ریگولیٹر، فریٹ، پیسنجر اور ایم ایل ون کے معاملات دیکھیں گی، ایک کمپنی حکومت کے پاس ہوگی جو انتظامی معاملات کی نگراں ہوگی۔


پاکستان اسٹیل کی بھی نجی سیکٹر کے ساتھ لیز ہوگی، نجی سیکٹر کو پاکستان اسٹیل ملز کی 1250 ایکڑ زمین دی جائے گی۔

واضح رہے کہ وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا  کہ ماضی کی حکومتیں اسٹیل مل، پی آئی اے، ریلوے، سرکاری ٹی وی اور ریڈیو پاکستان سمیت دیگر ریاستی اداروں کو ایمپلائمنٹ بیورو سمجھ کر سیاسی بھرتیاں کرتی رہی ہیں۔

سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ادارے جس مقصد کے لئے بنائے گئے ہیں اگر وہ اس مقصد پر نہیں چلیں گے تو ان کی افادیت کم ہوتے ہوتے ختم ہوجاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی این سی اے ، سرکاری ٹی وی ‘ریڈیو‘لوک ورثہ ، ادبی ڈویژن کے اداروں کو دیئے جانے والے فنڈز کا 80 فیصد تنخواہوں میں ادا کرنا پڑجاتا ہے۔

تازہ ترین