پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے ضابطہ اخلاق (ایس او پیز) کی خلاف ورزی پر کئی سو دکانیں، ہوٹل، بیکریاں اور تجارتی مراکز سیل کردیے۔
ڈی سی محمد علی اصغر کے مطابق نوٹسز کے باوجود ایس او پیز کا خیال نہ رکھنے پر بینکوں سمیت کئی سو دکانوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔
ڈی سی پشاور کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر علاقہ کارخانو میں واقع نیشنل پلازہ میں250 اور مکہ پلازہ میں 200 دکانیں سیل کی گئیں۔
محمد علی اصغر نے مزید کہا کہ چارسدہ روڈ پر کباب کی دکان، 3 بیکریاں اور 7 ریسٹورنٹ سیل کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چارسدہ روڈ پر ہی شوز کی دکان، جی ٹی روڈ پر ریسٹورنٹ، 3 ہوٹل اور 3 پلازے سیل کیے گئے ہیں۔
ڈی سی پشاور کے مطابق حیات آباد کے علاقے میں ایک بینک اور 6 ریسٹورنٹ سیل جبکہ ایک بینک کوہاٹ روڈ بھی سیل کیا گیا۔
محمد علی اصغر کے مطابق پشاور کے علاقے گلبہار میں کباب کی دکان، فاسٹ فوڈ سینٹر کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا ہے۔