وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کا عدالتی حکم کے باوجود جلسوں پر اصرار ڈھٹائی اور عوام دشمنی کا عکاس ہے۔
شبلی فراز نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پشاور جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس حقیقت میں ایک وبائی مرض ہے، اسے افسانہ نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے پی ڈی ایم کے پشاور جلسے کے شرکاء کو تجویز دی کہ وہ خود کو قرنطینہ میں لے جائیں۔
وفاقی وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ اپوزیشن اتحاد نے قانون کے احترام اور عوام کی صحت کے بجائے ہمیشہ اپنی ذات کو ترجیح دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا کے غیور عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپوزیشن کے جلسے کا بائیکاٹ کیا۔
شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے کا بائیکاٹ کر کے خیبر پختون خوا کی عوام نے ثابت کردیا کہ وہ سیاسی بصیرت رکھنے والے لوگ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختون خوا کے عوام نے عمران خان کی اپیل پر خود کو کورونا سے محفوظ رکھا اور پی ڈی ایم کے عوام دشمن ایجنڈے کو بھی ناکام بنادیا۔