• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین نے کورونا پر تحقیقات کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی، ڈبلیو ایچ او

جنیوا (اے ایف پی) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ کووڈ 19 سے متعلق تحقیقات کے لیے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ڈبلیو ایچ او کی ایمرجنسی کے ڈائریکٹر مائیکل ریان نے ورچوئل پریس بریفنگ میں بتایا کہ ʼہمیں چینی حکام نے یقین دہانی کراہی ہے کہ کورونا 19 کی تحقیقات کے لیے فیلڈ میں درکار تمام سہولیات فراہم کی جائیں گیʼ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ٹیم کو چینی ساتھیوں میں شامل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ تحقیقات کے نتائج اور زمین پر موجود اعداد و شمار کی تصدیق کرسکیں۔ انہوں نے چینی ماہرین کی جانب سے کئی گئی سائنسی تحقیق کا اعتراف کیا اور کہا کہ بین الاقوامی ماہرین کو بھی سائنسی تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ بین الاقوامی برادری کو سائنس کے معیار کے بارے میں یقین دلایا جاسکے۔ ڈبلیو ایچ او کی ایمرجنسی کے ڈائریکٹر مائیکل ریان نے کہا کہ ʼیہ انتہائی اہم ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ ایسا ہی ہوگاʼ۔ انہوں نے کہا کہ ʼواضح طور پر ہم سب کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ وائرس کہاں سے آیا اور مستقبل میں کہاں سے پیدا ہوسکتا ہےʼ۔خیال رہے کہ ڈبلیو ایچ او کئی مہینوں سے بین الاقوامی ماہرین بشمول وبائی امراض کے ماہروں اور جانوروں کی صحت سے متعلق طبی ماہرین کی ایک ٹیم کو چین بھیجنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ کورونا وبا کی ابتدا سے متعلق حقائق سامنے آسکیں کہ وہ جانوروں انسانوں تک کس طرح پھیلا۔ اقوام متحدہ نے بین الاقوامی تحقیقات کے لیے جولائی میں بیجنگ میں ایک پیشگی ٹیم بھیجی تھی۔ڈبلیو ایچ او نے گزشتہ ماہ کے آخر میں بتایا تھا کہ تشکیل کردہ 10 بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم نے اپنے چینی ہم منصبوں سے عملی طور پر پہلی ملاقات کی تھی۔ مائیکل ریان نے کہا کہ ٹیموں نے مشن کی تیاری کرتے ہوئے باقاعدہ ورچوئل اجلاس جاری رکھی ہیں۔

تازہ ترین