• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: تھینکس گیونگ ڈے پر کورونا وائرس کیسز میں اضافے کا خدشہ


دنیا بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے جبکہ امریکا میں تھینکس گیونگ کے تہوار پر کورونا وائرس کے کیسز میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسی خدشے کے تحت واشنگٹن میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ شروع کر دی گئی ہے۔

امریکی ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل بھی کی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکا میں ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس سے اموات میں ریکارڈ 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

امریکا بھر میں اس ہفتے کورونا سے اوسطاً یومیہ 1500 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جبکہ کورونا وائرس کے نئے کیسز میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 63 ہزار 687 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 27 لاکھ 77 ہزار 174 ہو چکی ہے۔


کورونا وائرس کے امریکا میں 49 لاکھ 64 ہزار 547 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 23 ہزار 673 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 75 لاکھ 48 ہزار 940 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چلی نے 8 ماہ بعد غیر ملکی سیاحوں کے لیے مرکزی ایئر پورٹ کھول دیا ہے۔

جرمنی میں کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کی گئی پابندیاں 20 دسمبر تک بڑھنے کا امکان ہے۔

اسپین کے بادشاہ کورونا وائرس کے مریض سے رابطہ ہونے پر 10 دنوں کے لیے قرنطینے میں چلے گئے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 95 لاکھ 14 ہزار 826 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 14 لاکھ 2 ہزار 28 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 69 لاکھ 56 ہزار 135 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 3 ہزار 621 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 کروڑ 11 لاکھ 56 ہزار 663 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین