• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان جلسہ روکنے کیلئے قائدین پر مقدمات قابل مذمت ہیں، مصطفیٰ نواز


ترجمان بلاول بھٹو، مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ ملتان جلسہ روکنے کے لیے قائدین پر مقدمات قابل مذمت ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کی جانب سے عبدالقادر اور قاسم گیلانی پر مقدمات کی مذمت کی گئی ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نےاپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت اس حد تک گرگئی ہے کہ سیاسی رہنماؤں پر تالے اور زنجیر چوری کے مقدمات درج کیے جارہے ہیں، کٹھ پتلی حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں اس لیے جھوٹے مقدمات کا سہارا لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تالا چوری کے مقدمات بنائے یا توپ چوری کے لیکن جلسے تو ہوں گے، تیزی سے حکومت اخلاقی گراوٹ کا شکار ہے۔

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ جلد مخالفوں پر بھینس اور بکری چوری کے مقدمات بھی درج کیے جائیں گے، ایسے اوچھے ہتھکنڈے آمر اور سلیکٹڈ ہی استعمال کرتے ہیں منتخب حکومتیں نہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ ووٹ، آٹا اور چینی چور حکومت اپوزیشن کو چوری کے جھوٹے مقدمات سے ڈرا نہیں سکتی، قوم اس حکومت کی حقیقت جان چکی ہے یہ جو چاہے کرلیں بے نقاب ہوچکے ہیں۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے مزید کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری، بھوک اور افلاس سے تنگ لوگ اپنی بھڑاس نکالنے جلسوں میں آتے ہیں۔ 

تازہ ترین