اسلام آباد (نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر نے سر کاری ٹیلی وژن کے چیئرمین نعیم بخاری کی جانب سے سرکاری ٹی وی پر اپوزیشن کی کوریج نہ کرنےکے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سرکاری ٹی وی ایک قومی ادارہ ہے اس پر قومی جماعتوں کی سرگرمیوں اور نقطہ نظر کو پیش کرنے سے انکار کرنا آئین پاکستان اور قانون کی توہین کرنے کے مترادف ہے ، انہوں نے کہاکہ ایک ایسا شخص جو صرف وکیل اور اینکر پرسن رہا ہو ، اس کے تجربہ کو براڈ کاسٹنگ کا تجربہ قرار دے کر ریاست کے ایک اہم ستون پر متمکن کرنا موجودہ حکومت کی متعصبانہ پالیسی کی دلیل ہے جس کا مقصد آمریت کو فروغ دینا ہے،ہم حکومت کو مشورہ دیتے ہیں کہ 75 سالہ نعیم بخاری کو پہلے کسی اکیڈمی میں تربیت دی جائے تاکہ وہ کسی پارٹی کے مفادات کے بجائے قومی مفاد ات کی نگہبانی کریں ۔