• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 100ملین ڈالرز جمع ہوگئے، رضا باقر

دبئی (سبط عارف) گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر نے انکشاف کیا ہے کہ نیا ایوینیو شروع ہونے کے بعد سے پاکستانی تارکین وطن روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 100 ملین ڈالرز جمع کراچکے ہیں۔ دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رضا نے کہا کہ ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان کو روزانہ تقریباً 2 ملین ڈالرز مل رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی روزانہ 700 سے زیادہ روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھول رہے ہیں اور ہفتے کے آخر میں تقریباً 1200کھاتیں کھولے جارہے ہیں۔ روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تشہیر کے لئے دبئی میں غیر رہائشی پاکستانیوں کے لئے بینک الفلاح کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر مہمان خصوصی تھےجبکہ چیئرمین بینک الفلاح شیخ نہیان مبارک النہیان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر چیئرمین بینک الفلاح شیخ نہیان مبارک النہیان نے متحدہ عرب امارات میں شراکت کے لئے1 اعشاریہ 6 ملین پاکستانی تارکین وطن کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تاریخی ، ثقافتی ، اقتصادی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ نیا منصوبہ ’روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاؤنٹ‘ جدید ترین ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ہزاروں تارکین وطن کو اپنی طرف کشش کرے گا۔

تازہ ترین