• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثناء خان اپنی مہندی میں کیسی لگ رہی تھیں؟

گزشتہ ماہ اسلام کی خاطر بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان نے سوشل میڈیا پر اپنی مہندی کی تقریب کی تصاویر شیئر کردی ہیں۔

حال ہی میں بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس نامی شخص سے شادی کرنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی مہندی کی تقریب کی تصویریں اور ویڈیو پوسٹ کی ہیں۔


ثناء خان کی جانب سے پوسٹ کی گئی تصویروں میں اُن کے دونوں ہاتھوں پر لگی خوبصورت مہندی کو دیکھاجاسکتا ہے جبکہ اُنہوں نے گلابی اور نارنجی رنگ کا حسین جوڑا زیب تن کیا ہوا ہے۔

سابقہ بھارتی اداکارہ کی ایک تصویر میں دیکھاجاسکتا ہے کہ وہ اپنے کمرے میں موجود ہیں اور دیوار پر ‫لَآ اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰهِ کی ایک تحریر لگی ہوئی ہے۔

ثناء خان نے تصویریں پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں صرف ایک لفظ لکھا ’مہندی۔‘

اُن کی اس پوسٹ کو مداحوں کی جانب سے اس قدر پسند کیا جارہا ہے کہ اب تک 4 لاکھ 75 ہزار سے زائد لائکس اُن کی مہندی کی تصویروں پر آچکے ہیں۔

اس کے علاوہ ثناء خان نے انسٹاگرام پر ایک بوم رینگ ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں وہ مہندی والے ہاتھوں سے اپنے چہرے کو چُھپاتی نظر آرہی ہیں۔


اُنہوں نے اس پوسٹ کے کیپشن میں بھی ’مہندی‘ لکھا جبکہ ایک لاکھ سے زائد صارفین ثناء خان کی یہ بوم رینگ ویڈیو لائک کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے حال ہی میں بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس نامی شخص سے شادی کی ہے۔

اس موقع پر ثناء خان نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر مفتی انس کے ہمراہ شادی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ’ہم اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور اللّہ کی رضا کے لیے ہی ہم نے ایک دوسرے سے شادی کی ہے۔‘


ثناء خان کا کہنا تھا کہ ’میری دُعا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں اس دنیا میں بھی متحد رکھے اور اگلے جہاں میں بھی ساتھ ہی رکھے۔‘

آخر میں اُنہوں نے قرآن پاک کی آیت کا ترجمہ بھی لکھا تھا:

اور تُم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے؟

واضح رہے کہ بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے گزشتہ ماہ اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔

ثناء خان نے ماڈلنگ، ڈانس اور اداکاری سے بالی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے سال 2012ء کے بگ باس سیزن 6 میں بھی حصہ لیا تھا جہاں سے اُنہیں شہرت ملی تھی۔

ثناء خان کی مشہور بالی وڈ فلموں میں جے ہو، وجہ تم ہو، ممبےٹو گوا، ہلّا بول اور ٹوائلٹ شامل ہیں۔

تازہ ترین