ملتان کے اسپیشل مجسٹریٹ نے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسٹ رضا گیلانی کے صاحبزادے اور سابق ایم این اے موسیٰ گیلانی سمیت پی ڈی ایم کے رہنماؤں کی ضمانت منظور کر لی۔
ضمانت کے سلسلے میں موسیٰ گیلانی اور پی ڈی ایم کے رہنماؤں کو اسپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ملتان کے تھانہ چہلیک کی حدود میں گزشتہ روز ریلی نکالنے پر رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا۔
تھانہ چہلیک میں درج مقدمے میں 25 نامزد جبکہ 50 نامعلوم افراد شامل ہیں، مقدمے میں بغیر اجازت ریلی نکالنے اور کارِ سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹوں کے نام بھی شامل ہیں۔
محسنِ جنوبی پنجاب کے بیٹوں پر مقدمے کیئے گئے، موسیٰ گیلانی
سابق ایم این اے موسیٰ گیلانی نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محسنِ جنوبی پنجاب یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں پر مقدمات درج کیئے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے، گرفتاریاں ہمارے حوصلے بلند کرنے کے لیے ہیں۔
موسیٰ گیلانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگوں کے پاس 2 وقت کی روٹی نہیں، نوجوان بے روزگار ہیں۔