• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرین لائن کےآغاز پر کھڑکی توڑ رش دیکھنے کو ملے گا،گورنر سندھ

کراچی (ٹی وی رپورٹ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی پروجیکٹ کے حوالے سے وفاق سنجیدہ ہے اس میں ابہام والی بات نہیں ، گرین لائن کے حوالے سے بسوں کے معاملات طے ہوگئے ہیں او رایل سی کھلنے جارہی ہے ۔ گرین لائن کا آغازہوگا تو اس پر کھڑکی توڑ رش دیکھنے کو ملے گا ۔ایک انٹرویو میں گورنر سندھ کا کہناتھا کہ ہماراکراچی کے عوام کو بہلانے کا کوئی ارادہ ہے نہ ہم بہلارہے ہیں، موسم گرما میں صحافیوں کو گرین لائن کی سیر کرائیں گے اور آگاہ کریں گے کہ سندھ کا پہلا ماس ٹرانزٹ سسٹم کس قدر جامع طریقے سے بنا ہے اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہم نے انتہائی کم بجٹ میں اس کو بنایا ہے۔ گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ 80 کے قریب بسیں گرین لائن منصوبوں کے لئے منگوائی گئی ہیں جن میں دو سائز کی بسیں ہیں ایک 18 میٹر دوسری 12 میٹر ، 18 میٹر کی بس میں 110 کے قریب مسافر اور 12 میٹر والی بس میں 80کے قریب مسافر انتہائی آرام دہ طریقے سے سفر کرسکیں گے۔فائر بریگیڈ میں ڈیولپمنٹ کے حوالے سے گورنر سندھ نے بتایا کہ 50 فائر ٹینڈر کی ایل سی کھل چکی ہیں، ان کی پہلی پروڈکشن لائن شروع ہوگئی ہے اور انشاء اللہ یہ فائر ٹینڈر جنوری یا فروری میں کراچی کو ڈلیور کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ جو ہماری پارٹنر ایسوسی ایشن ہیں انہیں ہم نے ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپی ہے کیونکہ یہ ہمارا قومی اثاثہ ہے۔

تازہ ترین