• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منگنی کے بعد بختاور بھٹو کا نام ٹوئٹر ٹرینڈ بن گیا


پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیرِاعظم شہید بے نظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ بختاور بھٹو کی منگنی کے بعد ٹوئٹر پر اُن کے نام کا ٹرینڈ بن گیا۔

گزشتہ روز بلاول ہاؤس کراچی میں بختاور بھٹو زرداری کی رسمِ منگنی ادا کی گئی جس کے بعد سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اُن کا نام ’بختاور بھٹو زرداری‘ ٹاپ ٹرینڈنگ میں شامل ہو گیا ہے۔

ٹوئٹر صارفین ہیش ٹیگ بختاور بھٹو زرداری کا استعمال کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اُنہیں منگنی کی مبارک باد دے رہے ہیں۔

اب تک ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ بختاور بھٹو زرداری کو استعمال کرتے ہوئے 2 ہزار 300 سے زائد ٹوئٹس کیئے جاچکے ہیں جبکہ اُن کے لیے نیک تمناؤں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز منگنی کی تقریب کے بعد بختاور بھٹو نے ٹوئٹر پر اپنے منگیتر محمود چوہدری کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر ہیش ٹیگ ’آفیشلی انگیجڈ‘ (باضابطہ طور پر منگنی کی رسم ادا کر دی گئی) کے ساتھ شیئر کی ہے۔

تصویر کے پس منظر میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر بھی موجود ہے۔

خیال رہے کہ بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب میں 100 سے 150 مہمان شریک ہوئے، اس موقع پر بختاور اور محمود چوہدری نے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنائی۔

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری ڈاکٹروں کے مشورے سے اسپتال سے تقریب میں شرکت کے لیے گھر پہنچے تھے جبکہ بختاور کے بھائی پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کورونا وائرس آئسولیشن کے باعث تقریب میں ورچوئلی شریک ہوئے۔

تقریب میں شریک محمود چوہدری کے اہلِ خانہ کا وفد 12 سے 15 افراد پر مشتمل تھا، تقریب میں بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض حسین، فاروق ایچ نائیک، سینیٹر شیری رحمٰن، انور مجید سمیت دیگر شخصیات بھی بلاول ہاؤس میں موجود تھیں۔

تقریب میں متحدہ عرب امارات سے غیر ملکی مہمان بھی شریک ہوئے، منگنی کی تقریب میں مہمانوں کی تواضع پاکستانی اور انگریزی کھانوں سے کی گئی۔

اس موقع پر بختاور بھٹو اور محمود چوہدری نے روایتی مشرقی لباس زیب تن کیا۔

سابق صدر آصف زرداری تمام وقت تقریب میں مہمانوں سے ملتے اور مبارکباد وصول کرتے رہے، آصفہ بھٹو زرداری نے انٹرنیٹ پر موجود بلاول بھٹو کو مہمانوں سے ملوایا، جس پر بلاول بھٹو نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین