ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے لیے سامان کرائے پر دینے والوں کی دکانیں سیل کردی گئیں، قلعہ قاسم باغ پر حملے کا مقدمہ 3 سو سےزائد افراد کےخلاف درج کرلیا گیا۔
جلسے میں پی ڈی ایم کی انتظامیہ اور جلسے کے لیے سامان فراہم کرنے والے دکانداروں کے خلاف پرچہ درج کرلیا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے جلسے کے لیے دیا گيا کیٹرنگ کا سامان بھی سیل کردیا گيا۔
ملتان میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے قلعہ قاسم تک ریلی نکالی گئی، شرکاء حصار توڑ کر قلعہ کہنہ قاسم میں داخل ہو گئے۔
تفیصلات کے مطابق ریلی کی قیادت علی حیدر گیلانی اور موسیٰ گیلانی کر رہے ہیں جبکہ پولیس کی نفری بھی گھنٹہ گھر چوک پر تعینات ہے۔
ٹریفک پولیس نے روڈ سے ٹریفک اور گاڑیاں ہٹانا شروع کر دیں جبکہ پیپلز پارٹی کے کارکنان پولیس حصار توڑ کر قلعہ کہنہ قاسم میں داخل ہوگئے، پولیس اور کارکنوں کے درمیان جھگڑا بھی ہوا۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی ملتان گیلانی ہاؤس پہنچ گئے ہیں جبکہ دیگر رہنماؤں کی آمد بھی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔
شیری رحمٰن، رانا ثناء اللّٰہ اور مولانا عبدالغفور حیدری بھی آج ملتان پہنچیں گے جس کے بعد پی ڈی ایم رہنماؤں کا گیلانی ہاؤس میں جلسے کی تیاریوں سے متعلق اجلاس ہوگا۔