چمن میں باب دوستی تصادم کا ایک اور زخمی 12 سالہ لڑکا چل بسا، ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ باب دوستی پر پاک افغان تجارت، آمدورفت معمول کے مطابق بحال ہے، جبکہ علاقے میں آج سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر طارق جاوید کے مطابق باب دوستی پاک افغان تجارت پر آمد و رفت معمول کے مطابق بحال ہے، پاک افغان شاہراہ پر لیویز اور ایف سی کی پیٹرولنگ بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی اہلکاروں اور تاجروں میں چیکنگ کے معاملہ پرتصادم ہوا تھاجس کے نتیجے میں ایک 14 سالہ لڑکا چل بسا تھا اور 8 افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک اور زخمی لڑکا آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 2 ہوگئی تھی جبکہ واقعہ کے 5 زخمی کوئٹہ سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں زیرعلاج ہیں۔
ڈپٹی کمشنر طارق جاوید مینگل کے مطابق علاقے میں آج سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے سیکیورٹی اہلکاروں کی حساس مقامات پرتعیناتی کے باعث مہم کل سے شرو ع کی جائیگی۔