• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیتابھ بچن بینک کے اے ٹی ایم کارڈ کے استعمال سے خوفزدہ

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنی اداکاری سے جہاں کروڑوں شائقین کے دل جیتے تو وہیں انھوں نے اپنے اس فن سے اربوں روپے بھی بنالیے۔ تاہم اب ان سے متعلق ایک دلچسپ بات سامنے آئی ہے کہ ان کے پاس بینک اکاؤنٹ کا اے ٹی ایم کارڈ ہی موجود نہیں ہے۔ امیتابھ بچن ایک ریلٹی شو کون بنے گا کروڑ پتی کے 12ویں سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں، اس دوران وہ اپنی زندگی کے تجربات اور گزرے لمحات سے متعلق باتیں شیئر کرتے رہتے ہیں۔ اس شو کی ایک قسط کے دوران شو کے امیدوار سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پاس اے ٹی ایم کارڈ ہی موجود نہیں ہے۔ ساتھ میں بگ بی نے یہ بھی بتادیا کہ انھیں تو بینک کے اے ٹی ایم کارڈ کے استعمال سے ہی ڈر لگتا ہے۔ اپنے ڈر سے متعلق بولی وڈ کے شہنشاہ نے کہا کہ مجھے ڈر لگتا ہے کہ یہ کارڈ استعمال کرتے ہوئے کہیں مشین میں ہی نہ پھنس جائے۔ تاہم انھوں نے موجودہ وقت میں اے ٹی ایم کارڈ ہونے کی ضرورت کا برملا اظہار کیا۔ امیتابھ نے ایک دوسرے امیدار سے بات کرتے ہوئے اپنی شادی اور شادی سے پہلے کی زندگی کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ جوانی کے دنوں میں جیا بچن کو لو لیٹر (محبت نامے) لکھا کرتے تھے۔ اداکار نے انکشاف کیا کہ آج کے اس دور میں بھی وہ اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے اپنی اہلیہ کو خطوط لکھتے ہیں۔

تازہ ترین