• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کہا تھا کہ جلسہ ہوگا اللّٰہ کی مدد سے ایسا ہی ہوا، مولانافضل الرحمٰن

پاکستان ڈیومکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ کامیاب جلسے پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، ہم نے کہا تھا کہ جلسہ ہو کر رہے گا تو اللّٰہ کی مدد سے ایسا ہی ہوا۔

مولانافضل الرحمٰن نے گیلانی ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے، 8 دسمبر کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا اجلاس ہوگا، گیلانی صاحب کے صاحبزادوں نے بڑی قربانیاں دیں، پی ڈی ایم کا یہ نظام آگے بڑھتا رہے گا۔

مولانافضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے انہیں مات دے دی ہے، شکست دی ہے اور ان کے عزائم ناکام بنادیئے ہیں، پی ڈی ایم کے اجلاس میں آیندہ کا لائحہ عمل طے کیاجائے گا، انہیں پورے ملک کے عوام نظر نہیں آتے جلسہ کیسے نظر آئے گا، عمران خان خود اور ان کی صوبائی حکومتیں لاتعلق ہیں۔

انہوں نے مزید کہ جلسہ گاہ کے قریب آگ لگنے کے واقعے پر افسوس ہوا ہے، ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں، ہم حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کرنے پر تیار نہیں ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہےہیں ، رکاوٹیں بھی آگے آ رہی ہیں، جدوجہد ہوتی ہے لیکن نتیجہ اللّٰہ کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی کے اثرات کئی سال تک رہتے ہیں،  مستقبل میں ضرورت پیش ہوئی تو پی ڈی ایم پلیٹ فارم پر فیصلہ کیا جائے گا۔

اُن کا اسرائیل سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات ہونا عیجب بات ہے، فلسطین کی کوئی بات نہیں کر رہا۔

تازہ ترین