• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعات کی نئی عالمی درجہ بندی، 350میں ایک بھی پاکستانی نہیں

کراچی (سید محمد عسکری) معروف برطانوی ادارے کیو ایس نے جامعات کی نئی درجہ بندی برائے2021 جاری کردی ہے جسکے مطابق رواں سال بھی دنیا کی بہترین 350جامعات میں ایک یونیورسٹی بھی پاکستانی نہیں تاہم بھارت کی 3 ملائیشیا کی 5 چین کی 6 اور سعودی عرب کی 2 یونیورسٹیز دنیا کی 200 بہترین جامعات میں شامل ہیں۔ عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی صرف 3 جامعات دنیا کی بہترین 500 جامعات میں شامل ہو سکیں جن میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نیسٹ)، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز اسلام آباد اور قائد اعظم یونیورسٹی شامل ہیں جن کا نمبر بالترتیب 355 اور 373 اور 454 واں ہے۔عالمی درجہ بندی میں، میسا چوسٹس انسٹی ٹیوٹ برائے ٹکنالوجی (ایم آئی ٹی) پہلے نمبر پر اپنی ریکارڈ توڑ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ مسلسل نویں سال اس نے یہ کارنامہ حاصل کیا ہے۔ عالمی درجہ بندی میں امریکا کی ایم آئی ٹی پہلے نمبر پر، اسٹینفورڈ دوسرے، ہارورڈ تیسرے نمبر پر، کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی چوتھے نمبر پر، آکسفورڈ یونیورسٹی پانچویں، ای ٹی ایچ زیورخ سوئس انسٹیٹیوٹ چھٹے،کیمبرج یونیورسٹی ساتویں، امپیریل کالج لندن آٹھویں، یونیورسٹی آف شکاگو نویں، یو سی ایل 10ویں اور نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور 11ویں نمبر پر رہی۔ عالمی درجہ بندی میں نسٹ اسلام آباد 355 ،پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائڈ سائنسز373 ، قائد اعظم یونیورسٹی 454 ،لمس لاہور 651، کامسیٹ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور جامعہ پنجاب 801نمبر پر آئے۔ کیو ایس درجہ بندی کرنے والے ادارے کے مطابق اس سال کی درجہ بندی پوری دنیا کیلئے ایک مشکل وقت پر شروع کی گئی ہے، جس میں COVID-19 یونیورسٹیوں اور طلباء پر یکساں اثر انداز ہورہا تھا۔

تازہ ترین