لنکا پریمئر لیگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے جارحانہ مزاج کے ایک بار پھر چرچے تھے، شاہد آفریدی کی افغانی باؤلر نوین الحق کو محمد عامر پر غصہ کرنے پر تلخ کلامی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
اب شاہد آفریدی نے اب اپنے ٹوئٹ میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے نوجوان کھلاڑی کو کیا نصیحت کی تھی۔
شاہد آفریدی نے اپنے وائرل ویڈیو کِلپ کو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میرا نوجوان کھلاڑی کو مشورہ ہے کہ آرام سے کرکٹ کھیلیں اور بدکلامی سے پرہیز کریں، دوران میچ تلخی پیدا نہ کریں۔‘
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم میں میرے بہت سے دوست ہیں، اور ہمارے درمیان بہت خوشگوار تعلق ہے، ساتھی کھلاڑیوں اور حریف ٹیم کی عزت کرنا کھیل کا بنیادی اصول ہے۔‘
شاہد آفریدی کے اس ٹوئٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کہا کہ ’جی لالا آپ 100 فیصد ٹھیک کہہ رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کے سنسنی خیز دلچسپ مقابلے جاری ہیں اور ان مقابلوں کے ساتھ ہی ایونٹ میں دلچسپ واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ روز لیگ میں رونما ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ واقعہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا۔
ہوا کچھ یوں کہ لنکن پریمیئر لیگ کے میچ میں گال گلیڈی ایٹرز کو شکست ہوئی، آخری اوور نوین الحق نے کروایا، کریز پر موجود محمد عامر اسٹروک کھیلنے میں ناکام رہتے تو کینڈی ٹسکرز کے افغانی بولر طنز کرتے۔
میچ ختم ہوتے ہی دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، آمنے سامنے ہونے پر کھلاڑیوں اور امپائرز نے دونوں کو الگ کر دیا۔
کچھ دیر بعد جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں مصافحہ کررہے تھے تو گلیڈی ایٹرز کے کپتان شاہد آفریدی نے سب سے خوشگوار موڈ میں مصافحہ کیا لیکن نوین الحق کا سامنا ہوتے ہی ان کے تیور بدل گئے اور انہوں نے محمد عامر سے بدتمیزی کرنے پر افغان کرکٹر کو جھاڑ پلادی۔
شاہد آفریدی کے اس رویے کی وجہ سے میچ کا یہ خاص لمحہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور شائقین نے قومی ٹیم کے سابق کپتان کے رویے کو خوب سراہا۔