وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں 3 منصوبوں کا افتتاح کردیا۔
وزیراعظم عمران خان نے بلند ترین نیشنل پارکس، نیشنل پارکس سروس کے قیام اور ’نیچر کوریڈور‘ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر عمران خان نے ہمالیہ نیشنل پارک اور نانگا پربت نیشنل پارک بنانےکا اعلان کیا، 3600 مربع کلو میٹر رقبے پر پھیلے نیشنل پارکس میں 5 فیصد گلگت کی اراضی شامل ہے، دونوں نیشنل پارکس اونچائی، نایاب پودوں و جانوروں پر مشتمل ماحولیاتی علاقے ہیں۔
نیشنل پارک میں برفانی چیتے، ہمالیہ کے براؤن ریچھ، لداخ یوریل، مارخور اور بلیو شیپ شامل ہیں۔
وزیراعظم نے دونوں نیشنل پارکس کا اعلان ’پروٹیکٹڈ ایریاز انیشی ایٹو‘ کے تحت کیا۔
قومی پارکس سے پاکستان کے قدرتی اثاثوں کو تحفظ ملے گا، وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کی پہلی ’نیشنل پارکس سروس‘ کے قیام کی منظوری بھی دیدی۔
معاون خصوصی ملک امین اسلم نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ نیچر کوریڈور اونچائی والے علاقے میں 10 ہزار فٹ سے زیادہ اونچائی کا فاصلہ طے کرتا ہے، نیچر کوریڈور نے خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو آپس میں جوڑ دیا۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ کوریڈور سے بھی جنگلی حیات کے تحفظ اور منظم راہداری میسر آئے گی ۔
انہوں نے کہا کہ اس میں برفانی چیتے اور پاکستان کے قومی جانور مارخور شامل ہیں، یہ اونچائی والا ’نیچر کوریڈور‘ عالمی اہمیت کا ایک اقدام ہے۔