وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کو نااہل قرار دیدیا۔
وزیر قانون پنجاب راجا بشارت کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ایم ایل (این) تو نااہل ہوچکی ہے، اس کو اپوزیشن کے ساتھ نہ ملائیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس میں رانا ثناء اللّٰہ مکے دکھاتے رہے، انہیں سمجھنا چاہیے کہ حکومتیں مکوں اور ڈنڈوں سے نہیں ڈرتیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا مقصد دنگا اور فساد پھیلانا ہے، حکومت نے مناسب حکمت عملی سے تصادم کو ٹال دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ منتخب وزیراعظم اور حکومت کو الٹی میٹم دینے کا مطلب شر انگیزی پھیلانا ہے۔
فردوس اعوان نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن نے ابھی تک لاہور جلسے کے لیے درخواست ہی نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کا جلسہ کرنا کس نے ہے؟ منتظمین کون ہیں؟ حزب اختلاف پہلے درخواست تو لائے پھر اگلا مرحلہ شروع ہوگا۔
راجا بشارت نے کہا کہ اپوزیشن کی آج کی پریس کانفرنس میں ڈنڈے بانٹنے کی باتیں کی گئیں، حکومت نے ملتان سے کسی کو گرفتار نہیں کیا، اپوزیشن ملتان میں گرفتار ہونے والوں کی نشاندہی تو کرے۔
وزیر قانون نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے درخواست کی، جس میں پیرول کی مدت میں توسیع کے لیے کہا گیا، جس پر ہم نے ایک دن کی توسیع کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک دن کی توسیع پر انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں قبول نہیں تو ہم نے جواب دیا ہے کہ تحریری طور پر لکھ دیں تو ہم آج ہی آپ کو جیل بھجوادیتے ہیں۔