• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالجز میں سٹاف کی کمی پوری کرنے کیلئے 1900مزید لیکچررز بھرتی کر رہے ہیں

پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم صوبے میں اعلیٰ تعلیم کی بہتری کے لیے اساتذہ کرام کی استطاعت بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ طلباء و طالبات کو چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ و تہذیب یافتہ بنا کر مستقبل کے لیے تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیکچررز، پروفیسرز اور طلباء و طالبات میں وہ استطاعت ہے جو کسی بھی ترقیافتہ ممالک کے تعلیم یافتہ کیڈر میں پایا جاتا ہے۔ حال ہی میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان، خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک اور جامعہ ہری پور کے اساتذہ کرام نے عالمی سطح پر نام کمایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے ہائیر ایجوکیشن ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پشاور میں دو آن لائن کورسز کے افتتاح کے موقع پر کیا۔معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت ترجیح ہے۔ ہمارے لیے جامعہ ہری پور کے 5 سائنسدانوں کے نام دنیا کے اعلیٰ سائنسدانوں کی لسٹ میں آنا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالجز میں سٹاف کی کمی پوری کرنے کے لئے 1900 مزید لیکچررز بھرتی کر رہے ہیں۔لیکچررز کی ٹرانسفر کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ لیکچررز کی ہموار و بلا تعطل تبادلے یقینی بنانے کے لیے پالیسی بنا رہے ہیں۔ جبکہ ہائیر ایجوکیشن کے فروغ کے لیے ریجنل لیول پر ڈائریکٹوریٹ بنا رہے ہیں۔
تازہ ترین